وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سےوزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار

86

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سےوزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔محسن نقوی اور انوارالحق نے یوم استحصال کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے بھارت کے 5اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرٹیکل 370 اور 35 (A) کا خاتمہ کرکے کشمیریوں کا بدترین استحصال کیا۔گزشتہ پانچ سال سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کرفیو اور دفعہ 144 نافذ ہے۔5 سال میں کئی ہزار بے گناہ کشمیری شہید کئے جا چکے ہیں، جن میں بچے، بوڑھے اور خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم پرعزم انداز میں یوم استحصال کشمیر منا رہی ہے۔جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام جموں و کشمیر کے تنازع کے حل سے جڑا ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ5 اگست کو دنیا کے سامنے ہندوستان کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا۔

بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں عالمی تنظیموں سمیت بین الاقوامی میڈیا کا بھی داخلہ ممنوع کردیا گیاہے۔ وقت آ چکا ہے کہ بین الاقومی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں جموں و کشمیر میں ہونے والی ناانصافیوں اور مظالم کا تدارک کریں۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نےآزاد کشمیر میں امن عامہ کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں امن کے قیام کے لئے پہلے بھی بھرپور معاونت کی ۔ آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔ آزاد کشمیر کی سکیورٹی سے متعلق ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیرنے قیام امن کیلئے تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔