وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا بنوں میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

106

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں ، خوارجی دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے،پاکستان کی سکیورٹی فورسز انتہائی پیشہ وارانہ اور باصلاحیت ہیں۔

جمعہ کو اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے 6 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پرسکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نےکامیاب آپریشن کرکے خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا،خوارجی دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے، قوم کو سیکورٹی فورسز کی بہادری پر ناز ہے۔