اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہفتے میں سات دن چوبیس گھنٹے کام کرنے والے نادرا میگا سنٹر بلیو ایریا کا اچانک دورہ کیا، شہریوں کے مثبت تاثرات پر انچارج اور عملہ کو شاباش دی اور مزید محنت سے کام کرنے کی تلقین کی۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اچانک دورے کے موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا میگا سنٹر میں شہریوں کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا اور شناختی کارڈز و دیگر دستاویزات بنوانے کے لئے آئے شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے تاثرات بھی دریافت کئے ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شناختی کارڈز و دیگر دستاویزات بنوانے کے وقت کے بارے استفسار کیا جس پر شہریوں نے میگا سنٹر میں مہیا کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
شہریوں نے کہا کہ اب انتظار نہیں کرنا پڑتا، باری جلد آجاتی ہے۔ شہریوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے اظہار تشکر بھی کیا اور کہا کہ عملہ بھی بہت تعاون کرتا ہے، آپ کے آنے سے حالات بہت بہتر ہوئے ہیں۔ وزیرداخلہ نے شہریوں کے مثبت تاثرات پر نادرا میگا سنٹر کے شفٹ انچارج اور عملے کو شاباش دی اور مزید محنت سے کام کرنے کی تلقین کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ دورے کے دوران وزیرداخلہ محسن نقوی نے ویٹنگ ایریا اور مختلف کاونٹرز پر جاکر شہریوں سے ملاقات کی اور مسائل بھی پوچھے اور شہریوں کے شناختی کارڈز سے متعلق مسائل فوری طور پر حل کرنے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے جدید خودکار مشین کا معائنہ بھی کیا اور خودکار شناختی کارڈ نمبر کے اندراج اور فنگر پرنٹس کے ذریعے خودکار نظام کے طریقہ کار کا بھی مشاہدہ کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سنٹر آکر خوشی ہوئی کہ شہریوں کو انتظار کی زحمت نہیں ہو رہی ۔ نادرا سنٹر میں بغیر انتظار کام ہونا خوش آئند ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کے لئے ہر سطح پر آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے۔