اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دھماکے کی شدید مذمت کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سےدلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشتگردانہ کارروائیوں کے خاتمے کیلئے مشترکہ طور اقدامات اٹھائے جائیں گے، بلوچستان میں ملک دشمن عناصر کی کارروائیوں کی روک تھام کیلئے تمام موثر اقدامات فی الفور اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لئے آخری حد تک جائیں گے اور وفاق اس ضمن میں بلوچستان حکومت کی ہر ممکن معاونت کرے گا۔