اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سی ایم ایچ بنوں پہنچے اور شمالی وزیرستان میں فتنہ الہندوستان کےدہشتگردوں کے بزدلانہ حملے میں سکیورٹی فورسز کے زخمی جوانوں کی عیادت کی اور زخمی جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔
وزارت داخلہ سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی جوانوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ کا حوصلہ دیکھ کر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے ۔
محسن نقوی نے کہا کہ آپ پاکستان کے بہادر سپوت ہیں اور آپ کا غیر معمولی جذبہ دیکھ کر ہمارا سر فخر سے بلند ہو گیاہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جس قوم کے پاس آپ جیسے بہادر بیٹے ہوں اسے کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا، پوری قوم وطن عزیز کے جری جوانوں کے ساتھ ہے اور سب آپ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ زخمیوں کی عیادت کی۔