وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات

91
Federal Interior Minister
Federal Interior Minister

لاہور۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گلبرگ میں مسلم لیگ(ق)کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ صوبائی وزیر شافع حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی اور شجاعت حسین نے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے وفاقی حکومت سے تعمیر ہونے والی تمام نئی سٹرکوں کو شہداء کے ناموں سے منسوب کرنے کا مطالبہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چوہدری شجاعت حسین کے مطالبہ سے اتفاق کرتے ہوئے اسلام آباد میں تعمیر ہونے والی نئی سٹرکوں کے نام شہداء سے منسوب کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے اس پر عملدرآمد کے لئے بات کی جائے گی۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ کام شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں کے ساتھ حکومت کے اظہار یکجہتی کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی نظیر اقوام عالم میں نہیں ملتی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانیوں نے جام شہادت نوش کیا، یہ انمٹ قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان شہداء کی عظیم قربانیوں کا قرض ادا نہیں کر سکتا، شہداء نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے۔ہم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دھماکے بہادر پاکستانی قوم کا مقدر نہیں، قوم کی حمایت سے اس ناسور کا خاتمہ کریں گے۔

چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری شافع حسین نے آسٹریلیا کے خلاف 22 برس بعد ون ڈے سیریز جیتنے پر محسن نقوی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی محنت اور کھلاڑیوں کی کارکردگی نے جیت میں اہم کردار ادا کیا، کرکٹ ٹیم اور قوم کو ایسی شاندار فتح کا بہت عرصے سے انتظار تھا۔ چوہدری شجاعت حسین نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔