وفاقی وزیرداخلہ کا ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج پراجیکٹ کا اچانک دورہ ، جاری ترقیاتی کام کا جائزہ

122

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج پراجیکٹ کا اچانک دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ نے رات گئے ایف 10 چوک کا بھی وزٹ کیا۔وزیر داخلہ نے جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔وزیر داخلہ نے منصوبے کے پائلنگ ورک کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کے انڈر پاس اور فلائی اوور کی تعمیر کے کاموں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج 12 ماہ کی بجائے صرف 4 ماہ میں مکمل ہوگا۔ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج پراجیکٹ کے تحت ایک فلائی اوور ۔ ایک انڈر پاس بنے گا اور رابطہ سڑکیں تعمیر ہوں گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پراجیکٹ کی مقرر کردہ مدت میں تکمیل کے لیے ٹاسک دے دیا ہے،24 گھنٹے تعمیراتی کام کرکے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف 10 چوک پر ٹریفک رواں رکھنے کیلئے پلان طلب کر تے ہوئے کہا کہ ایف 10 چوک کو کشادہ کرنے کی جامع پلاننگ کی جائے۔محسن نقوی نے ایف 10 چوک کے مستند ٹریفک کاونٹ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کاونٹ کے بعد انڈر پاس کی تعمیر کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج پراجیکٹ پر پیش رفت کے بارے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، سی ڈی اے کے سینئر افسران اور کنٹریکٹر بھی اس موقع پر موجود تھے۔