اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع خیبر کی پولیس چوکی تختہ بیگ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ایف سی اور پولیس اہلکاروں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے دونوں سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز نے اپنی جان دے کر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز کی لازوال قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ شہید ہونے والے دونوں جوانوں کی بہادری پر ناز ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس اور ایف سی کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور ایف سی کے جری افسروں و جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس اور ایف سی کی قربانیوں کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد اور اتفاق سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پر عزم ہیں