وفاقی وزیرداخلہ کا پاکستان رینجرز ہیڈ کوارٹرز سندھ کا دورہ، رینجرز کی آپریشنل تیاریوں، سمگلنگ کی روک تھام، غیر قانونی سپیکٹرم کے خلاف آپریشنز اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ

95
Federal Interior Minister
Federal Interior Minister

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بدھ کو پاکستان رینجرز ہیڈ کوارٹر سندھ کا دورہ کیا۔ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد شمریز نے رینجرز ہیڈکوارٹر زپہنچنے پر وفا قی وزیر داخلہ کا خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ سے رینجرز کے افسران سے تعارف کرایا گیا۔ وزیرداخلہ نے یاد گارِ شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دُعا کی۔ اس موقع پر ملک کی سالمیت، امن، ترقی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی، شہداء ہمارا سرمایہ افتخار ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت پاکستان رینجرز (سندھ) ہیڈ کوارٹر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد شمریز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ کو سندھ رینجرز کی آپریشنل تیاریوں، سمگلنگ کی روک تھام، غیر قانونی سپیکٹرم کے خلاف آپریشنز اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری 2025 سے اب تک 724 آپریشنز کیے گئے، جن میں 1133 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کیا گیا جبکہ منشیات کے کاروبار میں ملوث 182 ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ اسی مدت میں 660 کلوگرام منشیات قبضے میں لی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے سندھ میں دہشت گردی، سٹریٹ کرائم، نان کسٹم پیڈ اشیاء کی سمگلنگ اور غیر قانونی سپیکٹرم کے خلاف آپریشنز میں سندھ رینجرز کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے انسدادِ سمگلنگ آپریشنز مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سمگلرز مافیا کا خاتمہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔ محسن نقوی نے کراچی میں قیام امن کے لیے سندھ رینجرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز نے امن و امان کے قیام میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ رینجرز کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔