اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دیہی مرکز صحت پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 2خواتین، 2 بچوں اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت 7 افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔منگل کو یہاں جاری بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ شہید سکیورٹی اہلکاروں نے جان دے کر 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز صحت پر حملہ سفاکیت کی انتہا ہے۔ معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔درندگی کا مظاہرہ کرنے والے دہشت گردوں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر طبقے نے لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔