وفاقی وزیررانا تنویر حسین کی جانب سے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی تردید

91

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوارو نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی کی قیمت 140 روپے کی حد سے کم ہے۔ جمعہ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی کی ریٹیل قیمت 130 اور ہول سیل 124-125 روپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر چینی کی قیمتوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے اور غلط معلومات نہ پھیلائیں، چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے حکومت کے موثر اقدامات جاری ہیں، عوام کو یقین دلایا گیا کہ چینی کی قیمتیں قابو میں ہیں۔