
پشاور۔23دسمبر (اے پی پی)وفاقی وزیرشیخ رشیداحمد نے کہاہے کہ کرپشن کا ایسا خاتمہ کریں گے کہ لوگ یاد رکھیں گے، لوگوں نے عمران خان کو اس لیے ووٹ دیا ہے کہ کرپٹ لوگ جیلوں میں ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پشاور میں تیز رفتار ٹرین رحمان بابا ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پرصوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی،چیئرمین ریلوے راجہ سکندر سلطان،جنرل منیجرآفتاب اکبر اورڈی ایس پشاور وقاراحمد بھی موجود تھے۔وزیر ریلوے نے کہاکہ اگر بدعنوانی کے ناسورکو ختم نہ کیا گیا تو یہ ملک کی بنیادیں ہلاک ر رکھ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جو چوروں اور لٹیروںکوسلاخوںکے پیچھے دھکیل سکتے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کی زمینیں کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ، اس لئے جہاں جہاں ان پر قبضہ کیا گیا ہے یہ قبضہ واگزار کرائیں گے۔ انھوں نے ریلوے حکام کو پشاور میں بھی ریلوے کی زمینوں پر قبضہ واگزار کرانے کی ہدایت کی تاہم انھوں نے حکم دیا کہ انسداد تجاوزات مہم کے دوران غریب لوگوں کو بے جا تنگ نہ کیا جائے اور امیر لوگوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، انھوں نے کہا کہ ریلوے نے کمیشن دے دے کر بہت خسارہ بھگتا ہے اب ٹرین چلے گی تو پاکستان کی معیشت کا پہیہ بھی گھومے گا ۔ انہوںنے کہاکہ ریلوے پرپنشن کی مد میں35 ارب، تنخواہوںکی مد میں30 ارب، لون کی مد میں25 ارب روپے کا بوجھ ہے مگر پھر بھی ہم ریلوے سے منافع کمانے کے بجائے غریب اور درمیانے طبقے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ آنے والے دنوں میں دو نان سٹاپ ٹرینیں چلائیں گے، ہمارے پاس 15 دسمبر تک تک کراچی کے لئے کوئی ٹکٹ نہیں اس لئے عوام کی سہولت کے پیش نظر یکم جنوری سے ایک ماہ کےلئے خصوصی ونٹر ٹرین چلائی جائے گی۔ وزیر ریلوے نے کہا ہے کہ رحمان بابا ٹرین کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خیبرپختونخواکے غیورعوام کے لئے ایک تحفہ ہے۔ ریلوے مزدوروںکے تعاون سے100دنوںمیں20 ٹرینیںچلائی ہیں اور انشاءاللہ آئندہ سال مزید20 ٹرینیں چلائیںگے جبکہ آنے والے دنوںمیں2 وی وی آئی پی ٹرینز بھی چلائیںگے۔ انہوں نے کہاکہ جہانگیرہ اور نوشہرہ ریلوے سٹیشنز کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے اورانشاءاللہ بہت جلد سفاری ٹرین کا بھی افتتاح کریںگے۔ انھوں نے کہا کہ درمیانے اورغریب طبقے کوسہولیات فراہم کرنے کے لئے ریلوے میںاصلاحات لارہے ہیں ۔انھوں نے بتایا کہ دس بوگیوں پر مشتمل رحمان بابا ایکسپریس ٹرین میں880 مسافروںکی گنجائش ہے اور فی مسافر کرایہ 1350روپے ہوگا، یہ ٹرین 34 گھنٹوں کے بجائے 26گھنٹوں میں کراچی پہنچا کرے گی۔