ملتان ۔07جنوری(اے پی پی)وفاقی وزیربرائے وزارت تحفظ خوراک وتحقیق صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہاہے کہ حکومت کپاس کی پیداوارمیں اضافے،اس سے متعلقہ صنعتوں کے فروغ اورکاشتکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے تاریخی اقدامات کررہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوںنے سوموار کے روز ملتان میں کاٹن سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔سیمینارکااہتمام پاکستان کسان اتحاد نے فاطمہ فرٹیلائیزراورپی سی پی اے کے تعاون سے کیاتھا۔صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہاکہ زراعت کی ترقی کے لئے حکومت کاشتکاروںکومختلف سہولتیں فراہم کرے گی۔کاشتکاروںکی سہولت کے لئے زرعی مشینری ،زرعی مداخل کی قیمتوں میں کمی پرخصوصی پیکج دیئے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ نئی ٹیکنالوجی کی مددسے ہم پانی کی کمی کامسئلہ بھی حل کرسکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میںملک ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔وفاقی وزیرنے مزیدکہاکہ حکومت دیہی علاقوں میں خوشحالی لاناچاہتی ہے ۔زراعت پرحکومت کی توجہ کے نتیجے میں روزگارکے نئے مواقع پیداہوں گے۔انہوںنے مزیدکہاکہ آنے والے سیزن میں بھی کاشتکاروں کو کپاس کی پیدوارمیں بہترمنافع ملے گا۔وفاقی وزیرتحفظ خوراک نے کسانوں پرزور دیاکہ وہ کپاس کی فصل کاشت کریں ،انہوں نے یقین دلایاکہ تمام حکومتی ادارے بمپرفصل کے حصول کے لئے ان کے ساتھ بھرپورتعاون کریں گے ۔صاحبزادہ محبوب سلطان نے کاشتکاروں کو کپاس کی فصل کے فروغ کے لئے17نکاتی اعلامیہ سے بھی آگاہ کیا ۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اورترقی پسندکاشتکار جہانگیر خان ترین نے کہاکہ حکومت کاشتکاروں کو اپنی طاقت سمجھتی ہے اورہماری کسان دوست پالیسیوں کے نتیجے میں زرعی شعبے میں انقلاب آئے گا۔انہوںنے بتایاکہ حکومت عالمی معیارکے جدید زرعی تحقیقی مراکزقائم کررہی ہے۔اسی طرح زرعی سائنسدانوںکو تربیت کے لئے بھی بیرون ملک بھیجاجائے گاتاکہ ان کی استعدادکارمیں اضافہ ہو۔انہوںنے مزیدبتایاکہ حکومت نے 71ہزارکھالہ جات پختہ کرنے کافیصلہ کیاہے۔اس کے علاوہ زمین ہموارکرنے کےلئے لیزرلینڈلیورلرز پربھی سبسڈی دی جارہی ہے۔حکومت نئی مارکیٹیں قائم کررہی ہے جس کے نتیجے میں کاشتکاروں کو ان کی پیدوارکابہترمعاوضہ ملے گا۔رکن قومی اسمبلی سید فخرامام نے کہاکہ پاکستان کاشتکاروںکو سہولتیں فراہم کرنے کےلئے کاٹن کے شعبے پرڈیڑھ ارب ڈالرخرچ کررہاہے ۔دیگرممالک کے مقابلے میں یہ رقم بہت کم ہے ۔انہوںنے کہاکہ یورپی یونین کپاس کے فروغ اورکاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کےلئے350ارب ڈالرخرچ کررہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ زرعی شعبے میں ترقی سے ہماری برآمدات بہترہوں گی ۔انہوںنے تجویز پیش کی کہ بہترٹیکنالوجی اوربیجوں کے استعمال سے کپاس کی فصل کو بیماریوں سے بچایاجاسکتاہے ۔اس موقع پرپاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد کھوکھر رکن صوبائی اسمبلی حسین جہانیاں گردیزی ،وائس چانسلر نواز شریف زرعی یونیورسٹی ڈاکٹرآصف ،ڈائریکٹرکاٹن ریسرچ اسٹیشن ڈاکٹرساغر اوردیگرماہرین نے بھی خطاب کیا۔