اسلام آباد ۔ 19 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیرصحت محمد عامر کیانی نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے، پولیو کا خاتمہ ان کی وزارت کی ترجیحات میں شامل ہے اور پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو یہاں جاپان حکومت، جاپان کی بین الاقوامی تعاون کی ایجنسی جائیکا اور یونیسف کی جانب سے امداد کی فراہمی کے سلسلہ میں دستاویزات پر دستخط کرنے کی تقریب میں کیا۔ انہوں نے اس موقع پر جاپان کی حکومت اور دیگر شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے پاکستان پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جاپانی حکومت پولیو ویکسین کی خریداری کے لئے پاکستان کو 510 ملین جاپانی ین کی امداد فراہم کرے گی، یہ رقم اس 2018-19 ءکے دوران اس وقت استعمال میں لائی جائے گی جب پولیو وائرس قدرے سست ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس موقع پر دستاویز پر جاپان حکومت، جاپان کی بین الاقوامی تعاون کی ایجنسی (جائیکا) اور یونیسف نے دستخط کرتے ہوئے دستاویز کا باہمی تبادلہ کیا۔