وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کی شہید صوبیدار میجر محمد خورشید کی رہائش گاہ آمد ، شہید کےاہل خانہ سے ملاقات کی

89
Abdul Aleem Khan.
Abdul Aleem Khan.

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرنجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ملک کے چپے چپے کے تحفظ اور دشمن کو ناکام بنانے کے لئے ہمیشہ سے سر بکف ہے، وطن عزیز کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یوم دفاع کے موقع پر شہید صوبیدار میجر محمد خورشید کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر کیا ۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہید کے بچوں سے اظہار شفقت کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اراکین اسمبلی کے ہمراہ شہید صوبیدار میجر محمد خورشید کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہیدصوبیدار میجر محمد خورشید نے مادر وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک شہید کے گھر آنا اپنے لئے بہت بڑا اعزاز سمجھتا ہوں، شہید کی عزت اور ان کے اہل خانہ کا تقدس کسی بھی وزیر اور شہری سے بڑا ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے شہید کے بیٹے حامد خورشید سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ آپ کے والد محترم پر ساری قوم کو فخرہے۔

آپ اور آپ کے خاندان کے لئے دعا گو ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صوبیدار میجر محمد خورشید نے ثابت کر دیا کہ شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے۔ ہر محب وطن شہری ان شہداء کو اپنے ماتھے کا جھومر سمجھتا ہے اور اُن کی قربانیوں کا معترف ہے، اللہ تعالیٰ شہید صوبیدار میجر محمد خورشید کے خاندان پر رحمت اور فضل فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام عقیدت اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کا تقاضا کرتا ہے۔ د ہشتگردی کا چیلنج آج بھی درپیش ہےاورافواج پاکستان پوری طرح سے د ہشتگردی کے خلاف سینہ سپر ہیں ۔

شہید صوبیدار میجر محمد خورشید کی بیوہ اور بیٹیوں نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی آمد سے ہمارا حوصلہ بلند ہوا ہے ۔ واضح رہے کہ صوبیدار میجر محمد خورشید نے20دسمبر2022کو بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کیا تھا ۔