اسلام آباد ۔29نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے غریب افراد کو 6 ہزار خیمے فراہم کردیئے گئے ہیں‘ 30 ہزار مزید فراہم کرنے کے حوالے سے پیشرفت جاری ہے‘ ان کی ہر ضرورت پوری کی جائے گی۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں محمد جمال الدینی کے فنڈز کی فراہمی اور وفاقی حکومت کی ہدایات کے باوجود جنوبی وزیرستان کے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے غریب افراد کو خیموں کی عدم فراہمی سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ مسئلے کی درست نشاندہی کی گئی ہے۔ ان کے گھر دوبارہ اتنے جلدی تعمیر نہیں ہو سکتے۔ چھ ہزار ٹینٹ فراہم کردیئے گئے ہیں۔ 30 ہزار مزید فراہم کرنے کے حوالے سے پیش رفت جاری ہے۔ ان لوگوں نے ملک کے لئے بڑی تکالیف برداشت کی ہیں جہاں تک ہو سکا ان کی ہر ضرورت پوری کی جائے گی۔