وفاقی وزیرعمر ایوب خان کی حیسکو اور سیپکو کو ریڈ الرٹ رہنے ، متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کی ہدایات

73

اسلام آباد ۔ 25 اگست (اے پی پی)وفاقی وزیر پاور و پٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ سندھ کے علاقوں بالخصوص حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور ٹنڈو اﷲ یار میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے ایمرجنسی نفاذ پر میں نے حیسکو اور سیپکو کو ریڈ الرٹ رہنے اور صارفین کی متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی میں بھرپور مدد کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ منگل کو سندھ میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے ایمرجنسی کے نفاذ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو تمام ضروری سٹاف کی چھٹیاں کینسل کرنے اور ڈیوٹیاں لگانے کی بھی ہدایات کر دی ہیں۔ فوری طور پر ایمرجنسی کنٹرول روم بھی ان بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں قائم کئے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر کو تمام حالات سے مسلسل آگاہ رکھا جا رہا ہے۔