اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ سے راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزارت قانون وانصاف کے ترجمان کے مطابق بدھ کو ملاقات کرنے والے وفد کی قیادت صدر راولپنڈی بار ایسوسی ایشن سردار منظر بشیر نے کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ قانون کو مختلف پراجیکٹس کی تکمیل کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپنی اور حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔وزیر قانون نے راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کی نو منتخب قیادت کو مبارکباد دی اور یقین دہانی کرائی کہ بار کے مسائل حل کئے جائیں گے۔