اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرمذہبی امور پیر نور الحق قادری نےاسلاموفوبیا سے نمٹنے کانیا عالمی دن طے کرنے اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی پیش کردہ قرار دار منظور ہونے پر جمعہ کو یوم تشکر منانے کی اپیل کی ہے۔جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نےاقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے اسلاموفوبیا کا مسئلہ تسلیم کرنے پر قوم سے جمعہ کو یوم تشکر منانے کی اپیل کی ہے ۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ قوم وزیر اعظم عمران خان کی پرخلوص کوششوں سے امت مسلمہ کو ملنے والی تاریخی سفارتی و سیاسی کامیابی پر یوم تشکر منائے۔ حضور اکرم ﷺ کی ناموس کی حفاظت کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کو تاریخ سنہری الفاظ میں یاد رکھے گی ،وزیر اعظم عمران خان نے ہر اہم فورم پر عالمی رہنماوں کے سامنے اسلاموفوبیا اور ناموس رسالت کا مقدمہ پیش کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آئمہ کرام خطباتِ جمعہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف بڑی سفارتی کامیابی سے متعلق عوام کو آگاہی دیں، نائن الیون واقعہ کے بعد مغرب سمیت کئی ممالک میں مسلم آبادی کو امتیازی اور نفرت انگیز سلوک کا سامنا تھا۔
وفاقی وزیر مذہبی امورنے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار داد منظور کرنے اور اسلاموفوبیا کے خلاف دن منانے سے اسلام کے خلاف خوف پھیلانے کا خاتمہ ہو گا، پاکستان بطور ریاست مذہب و عقیدے کی بنیاد پر ہر قسم کی عدم برداشت اور امتیازی سلوک کے خاتمے پر یقین رکھتا ہے ، اسلاموفوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن منانے کی تجویز پاکستان نے دی جبکہ 193 ملکوں نے اس کی حمایت کی تھی ۔گذشتہ منگل کو اقوام متحدہ کی منظوری کے مطابق ہر سال 15 مارچ کو "اسلاموفوبیا سے نمٹنے کاعالمی دن "منایا جائے گا۔اسی دن 15 مارچ 2019 کو ایک آسٹریلوی شہری نے نیوزی لینڈ کی مسجد میں 51 نمازیوں کو شہید کر دیا تھا ۔
اقوام متحدہ سے منظور کی گئی قرار داد میں مذہب اور عقیدے کی آزادی کے حق پر زور دیا گیا ہے۔ قرار دار میں اسلام کے خلاف امتیازی سلوک، عدم برداشت اور تشدد کے واقعات میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیاہے۔ یو این اپنے اداروں، عالمی ، علاقائی و مذہبی تنظیموں اور سول سوسائٹی کو اسلاموفوبیا کے خلاف موثر اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے اپیل کی کہ تمام سیاسی و مذہبی رہنما اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے عظیم مقصد کیلئے متحد ہو کر کام کریں۔