اسلام آباد ۔ 25 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آزادی اظہار پر پختہ یقین رکھتے ہیں، حکومت کی جانب سے میڈیا پر کسی بھی قسم کا دباﺅ یا مداخلت ہر گز نہیں ہے، آزادی صحافت اور جمہوریت کو ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم تصور کرتے ہیں، میڈیا سے متعلق مسائل کے حل میں شفافیت اور میرٹ یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پی این ای کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او ) شاہیرہ شاہد بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ وفد نے وزیر اطلاعات کو میڈیا کی صنعت کو درپیش مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کورونا وبا کے باعث بالمشافہ ملاقاتیں کم رہیں، حکومت کی مو¿ثر حکمت عملی سے کورونا کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملاقات کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے تاکہ مسائل پر گفتگو ہو اور ان کا حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آزادی اظہار پر پختہ یقین رکھتے ہیں، حکومت کی جانب سے میڈیا پر کسی بھی قسم کا دباﺅ یا مداخلت ہر گز نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آزادی صحافت اور جمہوریت کو ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم تصور کرتے ہیں، میڈیا سے متعلق مسائل کے حل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت کے حوالے سے میری ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم نے اِداروں اور نظام کو بہتر اور مضبوط بنانا ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ایسا مضبوط نظام استوار کرنا چاہتے ہیں جومستقبل میں بھی کارگر ثابت ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ساتھ بہترین روابط کو اپنا قیمتی اثاثہ سمجھتا ہوں۔ سی پی این ای کے صدر عارف نظامی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد میں جنرل سیکرٹری ڈاکٹرجبار خٹک، سردار خان نیازی، ارشاد عارف، ایاز خان، کاظم خان، اعجاز الحق، انور ساجدی، طاہرفاروق، حسن عابدی، غلام نبی چانڈیو، عامر محمود ، حافظ ثناءاﷲ، یوسف نظامی اور امین حیدر شامل تھے۔