وفاقی وزیرِ برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال سے سینٹر فار اے نیو امریکن سکیورٹی میں انڈو پیسیفک سکیورٹی پروگرام کی ڈائریکٹر کی ملاقات

91
وفاقی وزیرِ برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال سے سینٹر فار اے نیو امریکن سکیورٹی میں انڈو پیسیفک سکیورٹی پروگرام کی ڈائریکٹر کی ملاقات

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرِ برائے منصوبہ بندی ،ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے سینٹر فار اے نیو امریکن سکیورٹی (سی این اے ایس) میں انڈو پیسیفک سکیورٹی پروگرام کی ڈائریکٹر لیزا کرٹس نے جمعرات کو ملاقات کی۔فریقین نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات کو تسلیم کیا کہ امریکہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے سب سے بڑے ذرائع میں سے ایک رہا ہے اور پاکستان کی برآمدات کے لئے سب سے بڑی منڈی ہے۔

ملاقات کے دوران، لیزا کرٹس نے امید ظاہر کی کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید فروغ پائیں گے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لئے مختلف تبادلے جاری رہیں گے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر 26۔2025 کی مدت کے آغاز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے اعادہ کیا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری کرے گا، جنگ کو روکنے، امن کو فروغ دینے، عالمی خوشحالی کو فروغ دینے اور انسانی حقوق کے عالمی احترام کو یقینی بنانے کے لئے کام کرے گا۔

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے کثیرالجہتی، بین الاقوامی قوانین، تنازعات کے پرامن حل اور دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی نمائندگی عالمی چیلنجز پر بات چیت کے فروغ کے لئے ایک قیمتی موقع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو مستحکم کر دیا ہے جو کہ گزشتہ حکومت میں تباہی کا شکار ہو گئی تھی۔ انہوں نے حال ہی میں شروع کئے گئے پانچ سالہ منصوبے "اُڑان پاکستان” کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح برآمدات میں اضافہ ہے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ حکومت اب مکمل رفتار کے ساتھ برآمدات کو 30 ارب ڈالر سے 100 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کی جانب گامزن ہے جو کہ اس کی طویل المدتی اقتصادی حکمت عملی کا ایک بنیادی ستون ہے۔وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنی سابقہ حکومت کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا، جن میں گوادر کو ایک جدید شہر میں تبدیل کرنا، بلوچستان کے لیے ایران سے ٹرانسمیشن لائن حاصل کرنا، اور گوادر پورٹ کو بڑے جہازوں کے لیے بڑا کرنا شامل ہیں۔

تاہم، انہوں نے ان منصوبوں میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کیا جو گزشتہ چند سالوں میں مختلف وجوہات کی بنا پر متاثر ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے پانچ سالہ منصوبے کے تحت حکومت تمام انفراسٹرکچر اور کنکٹیویٹی منصوبوں کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کرنے کے لئے کام کر رہی ہے اور انٹرنیٹ، تعلیم اور صحت کی سہولیات کو ملک کے پسماندہ علاقوں تک وسیع پیمانے پر پہنچانے کے لئے کوشاں ہے۔

وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی حکومت کی اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل ہے، اور پاکستان مقامی سطح پر ماحولیاتی مالیاتی نظام کی ترقی اور موسمیاتی اقدامات میں مساوی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہا ہے، جس کا واضح ثبوت کوپ۔29 میں پاکستان کی مضبوط نمائندگی ہے۔