اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرصدارت وزیرِ اعظم کی قائم کردہ کارکردگی مینجمنٹ سسٹم کی کمیٹی کا پہلا اجلاس ورچوئلی طور پر منعقد ہوا۔ وزارت خزانہ ڈویژن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ کمیٹی وفاقی حکومت کے کارکردگی مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔
اجلاس میں کمیٹی کے اراکین بشمول وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان، چیئرمین ایف بی آر، آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور وفاقی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمیٹی کو سونپے گئے کاموں اور ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اراکین نے وفاقی حکومت کے کارکردگی مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ صدرِ مجلس نے اراکین کی تجاویز کو سراہتے ہوئے آنے والے دنوں میں مزید مشاورت جاری رکھنے اور مقررہ وقت کے اندر وزیرِ اعظم کو حتمی سفارشات پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588327