واشنگٹن ۔25اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا جہاد اذور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی معیشت اور جاری اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔وزیرِ خزانہ نے پاکستان کےلئےآئی ایم ایف کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، خصوصاً ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) کے تحت پہلے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (RSF) کے نئے انتظام پر اسٹاف لیول معاہدے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران حاصل کی گئی معاشی کامیابیوں کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ان کامیابیوں کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فِچ کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں کی گئی اصلاحات کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587461