واشنگٹن۔25اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سنگبو کم سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں جاری ڈیجیٹلائزیشن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیرِ خزانہ نے حکومتِ پاکستان کی ڈیجیٹل پاکستان پالیسی کے تحت کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے خاص طور پر ٹیکسیشن نظام میں اصلاحات اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن پر روشنی ڈالی، جس میں انسانی وسائل، طریقہ کار اور ٹیکنالوجی کے امتزاج پر زور دیا گیا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے مختلف سرکاری اداروں کے مابین مؤثر رابطوں کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا عمل زیادہ ہموار اور مؤثر ہو۔
انہوں نے ورلڈ بینک سے پاکستان کے کنٹری پارٹنرشپ پروگرام (CPF) کی کامیاب عملداری میں تعاون کی درخواست کی، تاکہ ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال سے اس پروگرام کو مؤثر بنایا جا سکے۔وزیرِ خزانہ نے ورلڈ بینک سے پاکستان کے ڈیجیٹل سفر پر رہنمائی حاصل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور ضرورت پڑنے پر حکمت عملی میں تبدیلی کےلئےتیار ہونے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سنگبو کم کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587455