وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادرپٹیل کی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو سے ملاقات

204

کراچی۔2جون (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادرپٹیل نے صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو سے کراچی میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت سندھ قاسم سراج سومرو، سیکرٹری صحت سندھ ذوالفقار شاہ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر جمن باہوٹو اور دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل کو سندھ حکومت کی طرف سے صوبے میں دی جانے والی سہولیات اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادرپٹیل نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی طرف سے طبی شعبے میں کئے جانے والے سنجیدہ اقدامات کی وجہ سے صحت کی سہولیات بہتر ہوئی ہیں، وفاق کی طرف سے سندھ میں صحت کے شعبے میں تعاون اور ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں پی ایم سی کا قانون جس طرح بنایا گیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ صرف چند لوگوں کے مافیا کو فائدہ دینے کے لئے کیا گیا، پی ایم سی میں تمام صوبوں کی نمائندگی شامل کرنا ضروری ہے، اس ضمن میں قانون سازی کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز کے ایڈمیشن اور انٹری ٹیسٹ صوبائی معاملہ ہونا چاہئے کیونکہ تمام صوبوں کا اپنا الگ تعلیمی نظام ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے آگاہی دی کہ پولیو کے خاتمہ کے سلسلے میں دیگر صوبوں کے ساتھ مشاورت بھی شروع کی گئی ہے،سندھ میں دو سال سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، صوبائی انٹری پوائنٹس پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے نظام کو بہتر کیا ہے۔ اس موقع پر کراچی میں جناح ہسپتال اور این آئی سی وی ڈی اور دیگر معاملات پر بھی بات کی گئی۔