وفاقی وزیرِ قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب کھچی کی زیر صدارت وزارت کے ذیلی اداروں کے حوالے سے اہم اجلاس

32

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرِ قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب کھچی کی زیر صدارت وزارت کے ذیلی اداروں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اداروں کی فعالیت، کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے قومی ورثے، تاریخ، ادب اور ثقافت کے تحفظ کے حوالے سے خوشدلی سے ہمارا ساتھ دیا اور اداروں کی ممکنہ خاتمے یا ضم ہونے کی پالیسی کو واپس لے لیا ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ عملی کارکردگی دکھائیں تاکہ وزیراعظم خود ان اداروں کی کارکردگی دیکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تجاویز پر عملدرآمد کیلئے سینیٹر عرفان الحق صدیقی ہر ممکن ہمارا ساتھ دیں گے، اداروں کو نئے خطوط پر استوار کرنے اور فعال بنانے کے لئے آپ کی آراء درکار ہیں۔ وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت نے اقبال اکیڈمی، پاکستان اکادمی ادبیات، نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ (این ایل پی ڈی )اور قائداعظم اکیڈمی جیسے اداروں کو زیادہ مؤثر اور متحرک بنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اقبال کے پیغام کو بنگالی سمیت دیگر زبانوں میں ترجمہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کا پیغام زیادہ وسیع پیمانے پر پھیلایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ اقبال اکیڈمی کو اسلام آباد منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے تاکہ سیاح زیادہ تعداد میں یہاں کا رخ کریں۔

پال کی نمائندہ نجیبہ عارف نے اداروں میں زیر التواء پروموشنز پر پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ این ایل پی ڈی کے ڈی جی ڈاکٹر سلیم مظہر نے بتایا کہ ترقیوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ڈاکٹر رؤف رفیقی نے بتایا کہ اقبال اکیڈمی کے تحت 89 کتب کا ترجمہ اور 56 کتب کی اشاعت ہو چکی ہے۔ڈی جی آرکیالوجی امان اللہ نے ادارے کے آڈٹ اور کارکردگی میں بہتری کے لئے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ اورنگزیب کھچی نے ہدایت کی کہ اس ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے نئے منصوبے شروع کئے جائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی ورثہ و ثقافت کے اداروں کی افادیت اور کارکردگی اجاگر کرنے کے لئے ملک کے بڑے شہروں خصوصاً صوبائی دارالحکومتوں میں خصوصی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ آذربائیجان اور چین کے صدور کی کتابوں کا ترجمہ مکمل ہو چکا ہے جو ان کے دورہ پاکستان کے موقع پر بطور تحفہ پیش کی جائیں گی۔وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی نے کہا کہ یہ ادارے قومی شناخت کی علامت ہیں اور انہیں منافع کے بجائے قومی خدمت کے جذبے سے چلایا جاتا ہے۔ انہوں نے تمام اداروں کو ہدایت دی کہ ریٹائرڈ ملازمین کے بعد خالی ہونے والی آسامیوں پر فوری تعیناتیوں کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ ادارے بہتر طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔