34.4 C
Islamabad
جمعہ, مئی 23, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے توانائی اور وسائل کی ترقی...

وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے توانائی اور وسائل کی ترقی میں ترکیہ کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے فروغ کا عزم

- Advertisement -

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے توانائی اور وسائل کی ترقی میں ترکیہ کے ساتھ مضبوط شراکت داری کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیروغلو سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں توانائی کے شعبوں بشمول زیر زمین اور سمندر میں تیل و گیس کی تلاش اور اہم معدنیات میں اشتراک اور دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان بھارت تنازع کے دوران ترکیہ کے بے لوث تعاون پر تشکر کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی ہر آزمائش میں سرخرو ہوئی ہے، جو دونوں برادر ممالک کے گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان سے محبت کا اظہار ہمیشہ کھل کر کیا، پاکستانی حکومت اور عوام اس بھائی چارے کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ترکیہ کے لیے بھی یہی جذبات رکھتے ہیں۔ ترکی کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے پاکستان کے ساتھ ترکی کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ یہ تعلق وقت کی کسوٹی پر کھرا اتر چکا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے شروع سے ہی صورتحال کو بہترین طریقے سے سنبھالا۔ اگرچہ بھارت نے جارحیت کی، لیکن پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کی طرح تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے نوجوانوں میں پاک-ترک مشترکہ ہیروز اور تاریخی تعلقات کے بارے میں نئی بیداری پیدا ہوئی ہے۔ وزیرِ پٹرولیم نے پٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی بے پناہ صلاحیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ترکی کی سرکاری کمپنی ترکش پٹرولیم کارپوریشن (ٹی پی او سی) کو 13 مئی 2025 کو ہونے والی بولی میں دو آنشور بلاکس دیے گئے ہیں۔ ان میں سے ایک بلاک بلوچستان (زیارت نارتھ) میں ہے، جس میں **ماری انرجیز (33.16 فیصد) آپریٹر، او جی ڈی سی ایل (24.87 فیصد)، پی پی ایل (24.87 فیصد)، ٹی پی او سی (10 فیصد) اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (7.10 فیصد) شامل ہیں۔ دوسرا بلاک سندھ (سکھپور-II) میں ہے، جس میں پرائم (25 فیصد) آپریٹر، او جی ڈی سی ایل (30 فیصد)، ماری انرجیز (30 فیصد) اور ٹی پی او سی (15 فیصد) شامل ہیں۔

اس کے علاوہ، ترکش پٹرولیم نے پاکستانی کمپنیوں (ماری انرجیز، او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل) کے ساتھ مل کر 2025 کے آف شور بڈ راؤنڈ میں حصہ لینے کے لیے ایک مشترکہ بولی معاہدہ بھی کیا ہے۔ سفیرِ ترکیہ نے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر ترکی کے عزم کی تصدیق کی۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنانے کی کوششوں کو سراہا اور باہمی معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے تعاون پر امید کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے مشترکہ تیل و گیس کی تلاش کے منصوبوں اور کریٹیکل منرلز کے شعبے میں تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق کیا، جو صنعتی اور تکنیکی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600587

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں