اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے قازقستان کے نائب وزیرِ توانائی اریمبیک کدائی برگن کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقات کی، ملاقات میں توانائی کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون کو بڑھا نے سمیت تیل اور گیس کی تلاش، معدنیات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے اعلامیہ کے مطابق دونوں فریقین نے پاکستان اور قازقستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا، خاص طور پر توانائی کے شعبہ میں تعاون کے حوالے سے وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو اجاگر کیا اور ہائیڈرو کاربن وسائل اور کان کنی کے شعبے میں قازقستان کی مہارت سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
قازقستان کے نائب وزیرِ توانائی نے پاکستان کے ساتھ توانائی کے تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ منصوبوں اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے راستوں پر زور دیا۔ وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور توانائی کے شعبے میں باہمی ترقی کے لیے مواقع موجود ہیں، باہمی تعاون کے لیے پر امید ہیں جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہو۔ قازقستان کے نائب وزیر کو آن شور اور آف شور میں تیل و گیس کی تلاش کے موجودہ مواقع کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے مستقبل میں شراکت داریوں کی حمایت کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے پر اتفاق کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589178