وفاقی وزیرِ پٹرولیم مصدق ملک سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات، صوبے میں توانائی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

93
Faisal Karim Kundi
Faisal Karim Kundi

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ پٹرولیم مصدق ملک سےگورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔

ملاقات میں خیبر پختونخوا میں توانائی کے منصوبوں، گیس کی ترسیل اور پٹرولیم کے شعبے میں جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جاری بیان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا نے خیبر پختونخوا کے عوام کو توانائی کی فراہمی میں درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لئے تجاویز پیش کیں۔

وزیرِ پٹرولیم مصدق ملک نے اس موقع پر خیبر پختونخوا میں توانائی کے منصوبوں کو مزید فعال بنانے اور عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے توانائی کے شعبے میں شفافیت، جدت اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا کے عوام کی بہتری کے لئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

یہ ملاقات خیبر پختونخوا اور وفاقی حکومت کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔