وفاقی وزیرچوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

44

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے تحت تمام قومی ادارے موئثر طور پر ملک اور عوام کی ترقی و استحکام کے لئے اپنا کردار اد کررہے ہیں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملکی اداروں کو بہتر بنا رہی ہے ، بدعنوانوں اور لٹیروں سے قومی دولت برآمد کرنے کے لئے نیب ایسے عناصرکے خلاف احتسابی عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوںنے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے خلاف احتسابی عمل روکنے کے لئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہیں جو اب اپنے رہنماﺅں کے خلاف احتسابی عمل پر شور مچا رہی ہیں تاہم وزیر اعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت کے تحت پی ٹی آئی کی حکومت نے لٹیروں سے قومی دولت کی وصولی کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومتوںنے مہنگی بجلی پیدا کی مگر پی ٹی آئی حکومت کی دانش مندانہ پالیسیوں کی بدولت توانائی کے شعبہ میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان کورونا وائرس پر کنٹرول کے طبی آلات برآمد کر رہا ہے ۔