وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات

111

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حامد عبید ابراہیم الذابی نے جمعرات کو ملاقات کی۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو اپنے دفتر آمد پر خوش آمدید کہا۔ فریقین کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، کینکٹوٹی اور اسپیکٹرم آکشن کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

فریقین نے آئی ٹی و ٹیلی سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف میدان خصوصا ًآئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر تعاون کو وسعت دینا بہت اہم ہے، پاکستان آئی ٹی برآمدات کے اضافہ کے لئے کوشاں ہیں، گزشتہ مالی سال میں ہماری آئی ٹی برآمدات میں 47.43 فی صد اضافہ ہوا۔

وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ آئی ٹی برآمدات میں مزید اضافہ کا خواہاں ہیں،16 ستمبر کو ایڈیشنل اسپیکٹرم کی نیلامی ہونے جا رہی ہے، ملک میں ٹیلی کام سروسز کی موثر انداز میں فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر حامد عبید ابراہیم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے پاکستان کے ساتھ مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان کے ساتھ ٹیکنالوجی کے میدان میں مکمل تعاون کریں گے،

آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کے لئے وزارت آئی ٹی کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کو دبئی میں 22 تا 23 نومبر کو ہونے وا لی "گلوبل مینوفیکچرنگ اینڈ انڈسڑیلائزیشن سمٹ” میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔ وفاقی وزیر آئی ٹی نے دعوت قبول کر لی۔ملاقات میں وزارت آئی ٹی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔