اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ زراعت اور توانائی کے شعبوں کی ترقی ہی ملکی ترقی کی ضامن ہے، زرعی پیداوار میں اضافہ کئے بغیر ہم خود کفالت اور خود انحصاری کی منزل حاصل نہیں کر سکتے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پروفیسر ڈاکٹر سرفراز رانا کی زیر قیادت ان سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صحافت کے میدان میں اب سوشل میڈیا کا رنگ نمایاں ہے مگر اس میدان میں اخبار اور ٹی وی کے برعکس ہم بے روک ٹوک آگے بڑھ رہے ہیں جس کے نتائج اچھے نہیں ہو سکتے۔طلبا کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالب علم اس بات کی تحقیق کریں کہ آیا جدید دنیا میں ملک بندوق اور طاقت کے زور پر چل سکتے ہیں یا قلم اور قانون سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ کو روکنا میڈیا کی ذمہ داری ہے اور اگر جھوٹ کو نہ روکا جائے تو پھر دہائیوں اور صدیوں تک اس کی تباہ کاریوں کی سزا بھگتنا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں سچ ہونا چاہئے اور جھوٹ ختم ہونا چاہئے۔ سید خورشید شاہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیاستدانوں نے ہمیں ملک دیا، آئین دیا، شخصی آزادیاں دیں، ملک کو ایٹمی قوت بنایا، میزائل ٹیکنالوجی دی اور سب سے بڑھ کر عوامی شعور دیا۔
اس کے باوجو سیاستدانوں کو پھانسی دی گئی، قتل کیا گیا اور جیلوں میں ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی تحقیق ضروری ہے کہ ہم نے 2018تک کتنے قرضے لئے اور 2022تک کتنے قرضے لئے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کیلئے ہمارا میدان زراعت ہے اور ہم اسی میدان میں کام کر کے اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکتے ہیں۔