اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی اموراحد خان چیمہ سے منگل کو ورلڈ بینک کی نئی تعینات ہونے والی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنحسین بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر نے امگابازار کو خوش آمدید کہا اور ناجی بنحسین کی پاکستان میں خدمات خاص طور پر ورلڈ بینک کے ساتھ شراکت داری کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی کنٹری ڈائریکٹر پاکستان میں جاری ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گی اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے موثر نفاذ میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی حکومت، ورلڈ بینک اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے صوبائی حکومتوں کو ترقیاتی منصوبوں کے نفاذ میں بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے مالیاتی، توانائی اور اقتصادی اصلاحات کے لیے حکومت کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ پالیسیوں کا محور طویل المدتی، پائیدار اور عوامی مفاد پر مبنی ترقی ہے۔
ورلڈ بینک کے وفد نے حکومت پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں اور صوبائی سطح پر موثر رابطہ کاری کو سراہا اور وزارت اقتصادی امور کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے مستقبل میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔