اگلے سال پاکستان میں 10ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گریڈ میں شامل ہوگی جس میں 5 ہزار سی پیک منصوبوں سے آئے گی
وفاقی وزیر احسن اقبال اور وائس چیئرمین این ڈی آر سی کی بیجنگ میں مشترکہ پریس بریفنگ، سی پیک منصوبوں پرہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار
اسلام آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر احسن اقبال اور وائس چیئرمین این ڈی آر سی نے سی پیک منصوبوں پرہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ بیجنگ میں سی پیک کی چھٹی جے سی سی کے فیصلوں کے بارے میں مشترکہ پریس بریفنگ مےں انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی کے شعبے میں8 سو میگا واٹ کے منصوبے شروع ہوچکے ہیں،اگلے سال پاکستان میں 10ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گریڈ میں شامل ہوگی جس میں 5 ہزار سی پیک منصوبوں سے آئے گی۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت ٹرانسمشن لائن کے منصوبے کو منظوری دی گئی اور فوری کام کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی، اس ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے ملک کے جنوب میں پیدا ہونے والی بجلی نیشنل گریڈ میں شامل ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ وزیر ملک کے شمال میں بجلی کے دیگر منصوبوں پر فروری میں دوبارہ مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دریائے سندھ پر پن بجلی کے اہم منصوبے بھاشا ڈیم پر کام آگے بڑھانے کیلئے گروپ تشکیل دے دیا گیا جو اس منصوبے پر مزید کام کرے گا، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے دو بڑے منصوبے ملتان سکھر اور حویلیاں تاکوٹ کے کے ایچ منصوبوں پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔