اسلام آباد ۔ 17 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے موجودہ حکومت اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ہائیر ایجوکیشن کے ترقیاتی بجٹ میں مزید 50 ارب روپے تک کا اضافہ کرے گی، وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار پیر کو ائیر یونیورسٹی اسلام آباد میں پاک چائینہ فورم سے خطاب کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تبدیلی کیلئے حکومتی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کا سالانہ بجٹ 12ارب سے بڑھا کر اس سال 35 ارب تک بڑھا دیا گیا جسے آئندہ سال 50بلین تک پہنچایا جائے گا، تاکہ ملک میں ریسرچ کے کلچر کو فروغ دیکر اعلیٰ تعلیم کا خواب شرمندہ تعبیر ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں تعلیم کو فروغ دینے کیلئے موجودہ حکومت ہر ضلعی ہیڈ کوارٹر میں یونیورسٹیاں یا کسی بڑی یونیورسٹی کے کیمپس قائم کرنے کے منصوبے پر عمل کررہی ہے ،جسے تین برسوں میں مکمل کیا جائے گا۔