اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تنخواہوں کے ڈھانچے میں اصلاحات سے متعلق ٹاسک فورس کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں باصلاحیت اور قابل اساتذہ کو متوجہ اور برقرار رکھنے کے لئے تنخواہوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
اجلاس میں سرکاری جامعات کے تنخواہوں کے ڈھانچے کو بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ، زیادہ مسابقتی اور مالی طور پر پائیدار بنانے سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، وزارت منصوبہ بندی، صوبائی محکمہ جاتِ اعلیٰ تعلیم و خزانہ اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ایچ ای سی کی جانب سے جامعات کو درپیش اہم چیلنجز پیش کئے گئے جن میں مالی مشکلات اور غیر مسابقتی تنخواہوں کی وجہ سے باصلاحیت اساتذہ کو برقرار رکھنے میں درپیش مسائل شامل تھے۔
وفاقی وزیر نے ٹاسک فورس کے مینڈیٹ کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایک ایسا پائیدار اور مارکیٹ سے ہم آہنگ تنخواہوں کا ماڈل تجویز کرنا ضروری ہے جو تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور عالمی معیار کے اساتذہ کو متوجہ کرنے میں مددگار ہو۔انہوں نے ایچ ای سی کو ہدایت کی کہ ایک جامع رپورٹ تیار کی جائے جس میں موجودہ نظام میں موجود خامیوں، فیکلٹی کے چھوڑنے کے رجحانات اور تنخواہوں کے ڈھانچے کی ازسرنو تشکیل سے متعلق قابلِ عمل سفارشات کو قومی ترجیحات اور مالی حقائق کے مطابق پیش کیا جائے۔