
اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرصدارت نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور ملک کے ترقیاتی کاموں میں عملی تجربہ فراہم کرنے کے لئے وزارت منصوبہ بندی کے پروگرام با اختیار نوجوان انٹرن شپ کا جائزہ اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا ۔اجلاس میں مختلف وزارتوں/ ڈویژنوں کے نمائندوں اور فوکل پرسنز اور پی ایس ڈی پی کے فنڈڈ منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
وزارت منصوبہ بندی با اختیار نوجوان پروگرام کے تحت ایک سال کی مدت کے لئے ملک بھر سے بیس ہزار گریجویٹس اور ڈپلومہ ہولڈرز کو پی ایس ڈی پی کے تحت چلنے والے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں تعینات کیا جائے گا۔انٹرن شپ پروگرام میں وزیر اعظم شہباز شریف کی خاص ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی۔
جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر شروع کئے جانے والا یہ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو بے روزگاری سے محفوظ رکھنا، معاشی بحران سے نکالنا ، مختلف جرائم سے بچانا اور انہیں ایک مثبت سوچ کا شہری بنانا ہے۔ احسن اقبال نے تمام منصوبوں کے ڈائریکٹرز کو ہدایات دیں کہ تعینات کیے جانے والے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے ان سے بھرپور کام لیا جائے اور ان پر چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ا ن کو با اختیار بنانا ان کے لئے نت نئے اقدامات اٹھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے ۔