اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے ۔انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ریلیف کی فراہمی کو مزید تیز کریں۔ وفاقی وزیر نے یہ ہدایات ملک ، بالخصوص بلوچستان جو کہ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے، میں سیلاب کی صورتحال کی نگرانی کے لئے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی این ایچ اے، بلوچستان سے اراکین قومی اسمبلی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو ملک میں بالخصوص بلوچستان میں سیلاب کی حالیہ سیلابی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ سیلاب کی وجہ سے بری طرح متاثر ہونے والی شاہراہوں کی بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ امدادی انتظامات میں مزید خلل نہ پڑے, اسی طرح وفاقی وزیر نے سپارکو کو ہدایت کی کہ وہ سندھ میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے فضائی معائنہ بھی کرے۔ مزید براہ,وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ بی آئی ایس پی کے ذریعے متاثرہ افراد کو نقد رقم کی فراہمی کو یقینی بنائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرین کو رقم کی ادائیگی ہوسکے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک غیر معمولی آفت کا سامنا ہے اور محدود وسائل کے باوجود موجودہ حکومت سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد اور ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے. وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو کال سینٹرز قائم کرنے کی بھی ہدایت تاکہ متاثرہ افراد تک جلد رسائی ممکن ہو سکے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے ایک علیحدہ ہنگامی اجلاس کی صدارت کی اور بلوچستان میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں دریافت کیا ۔وفاقی زیر نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ممبران نیشنل اسمبلی موجودہ صورتحال کو بہتر انداز میں اجاگر کرسکتے ہیں جس سے متعلقہ حکام کو مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
فاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اس مشکل وقت میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کو مسلسل آگاہ بھی کیا جا رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=323649