وفاقی وزیر احسن اقبال کی کچھی کینال منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت

181
Ahsan Iqbal

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کچھی کینال منصوبے کی بحالی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں چیئرمین واپڈا، نیب، این ایچ اے اور وزارت پانی کے نمائندگان، حکومت پنجاب اور حکومت بلوچستان کے سرکاری افسران اور وزارت منصوبہ بندی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ کوئٹہ کے بعد کچھی کینال منصوبے کو جلد از جلد بحال کرنے کی ہدایات دی تھیں۔ اس منصوبے کا مقصد بلوچستان کو 500 کیوسک پانی فراہم کرنا، صوبے کی پانی کی اہم ضروریات کو پورا کرنا اور زراعت کے شعبے کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے حکام کو کچھی کینال منصوبے کی بحالی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے موجودہ معاشی بحران کے پیش نظر اخراجات میں نہایت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان کے معاشی حالات تقاضا کرتے ہیں کہ ایک ایک پیسہ سوچ سمجھ کر انتہائی محتاط طریقے سے خرچ کیا جائے۔

منصوبے کو تیز کرنے کے لیے وفاقی وزیر نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس کی لاگت کا جائزہ لیں اور اس شعبے میں مہارت رکھنے والی تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ کے ذریعے اس کی لاگت کے تخمینے کی تصدیق کروائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکام اس حوالے سے کام مکمل کر کے منصوبے کا پی سی-1 فوری طور پر سی ڈی ڈبلیو پی فورم کی منظوری کے لیے پیش کریں۔ انہوں نے آئندہ "ربیع فصل” کے لیے بروقت پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پروجیکٹ روڈ میپ کی تیاری کا بھی حکم دیا۔ بلوچستان میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور زرعی شعبے کی بہتری کے لیے کچھی کینال منصوبے کی بحالی اشد ضروری ہے۔ اس منصوبے کو 2022 کے سیلاب سے نقصان پہنچا تھا۔