اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے 10 بلین سونامی ٹری پروگرام (ٹی بی ٹی ٹی پی)پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اجلا س میں سینئر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔
اجلاس میں 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کی پیشرفت کے مختلف اجزاء کے بارے میں بتایا گیا۔موسمیاتی تبدیلی پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان 2023 تک 3.2 بلین درختوں کے پہلے مرحلے کو حاصل کرنے کا ہدف رکھتا ہے موسم گرما کے اختتام تک 1 ارب درختوں کے منصوبے کو حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ڈبلیوڈبلیو ایف ، آئی یو سی این ، اور ایف اے او سمیت تین بین الاقوامی ایجنسیوں کے کنسورشیم نے پہلے ہی ٹی ٹی بی ٹی پروگرام کی تیسری پارٹی کی نگرانی کے لئے اپنا کام شروع کردیا ہے۔ وزارت نے منصوبے کی سیٹلائٹ پر مبنی نگرانی کے لئے پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموس فیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے ہیں ۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے دس ارب سونامی ٹری پروگرام میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس منصوبے کو سب سے زیادہ ترجیح دیتے ہیں جو ہر سطح پر اس کے نفاذ میں عیاں ہونا چاہئے۔