اسلام آباد ۔ 10 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ بروقت اور شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کے لئے پراجیکٹ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیویشن سسٹم (پی ایم ای ایس) کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وزارت کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیویشن ونگ کو ہدایت کی کہ وہ ایک ایسا نظام نافذ کرنے کے لئے ایڈوائزری کمیٹی کے ممبروں کی مہارت کو بروئے کار لائے جو جدید ، پیشہ ورانہ اور بہترین عالمی طرز عمل کے مطابق ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت وزارت منصوبہ بندی،ترقی کی نگرانی اور تشخیصی نظام کا جائزہ لینے کے لئے جمعہ کو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منصوبہ بندی کمیشن کی مشاورتی کمیٹی کے ممبران ، ایم این اے نجیب ہارون ، سی ای او حبکو خالد منصور اور چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاو¿س ایسوسی ایشن سید احمد اور وزارت کے سینئر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔یاد رہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر اعظم انسپکشن کمیشن نے پی ایس ڈی پی کا جائزہ لیا تھا۔ کمیشن نے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وزیر کے ساتھ اپنی انفارمیشن شیئر کیں ، ان کی سفارشات کی بنیاد پر وفاقی وزیر نے منصوبہ بندی ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ اس کی نگرانی کے طریقہ کار کو مزید موثر بنانے کے لئے اسے بہتر بنائے۔ اس سلسلے میں پلاننگ کمیشن کی ایڈوائزری کمیٹی کے ممبران سے بھی مشورے طلب کیے گئے ہیں۔