اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر کوویڈ۔19 کی دوسری لہر کے دوران سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی جاری رکھے گی۔ منگل کو یہاں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پاور ریلیف پیکیج سے متعلق بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وبا کی دوسری لہر کے دوران اسی طرح سٹرٹیجی اختیار کرے گی جیسے پہلے اختیار کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کووڈ۔19 کی صورتحال کے بعد ملکی صنعت کی جلد بحالی کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کی ہے جس کے باعث ملکی معیشت تیزی سے بحال ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت نے ایک بہتر پالیسی کے ذریعے صنعتی شعبہ کیلئے توانائی کی قیمتوں کا اعلان کیا ہے، توانائی کی قیمتوں میں کمی، تجارت اور کاروباری لاگت کو کم کرنا ملک کے صنعتی شعبہ کی ترقی کیلئے حکومتی اصلاحات کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی سستی قیمت سے معیشت کے مختلف شعبوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صنعتی شعبہ کو موجودہ اصلاحاتی پیکیج سے فائدہ اٹھانے کیلئے ایک بڑا موقع فراہم کیا ہے۔