اسلام آباد۔28 جون(اے پی پی ) وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات،قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر یگی جو دنیا کے لئے ایک مثال ہوگی ،نگران حکومت پرامن ،صاف ،شفاف اور بروقت انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریگی ،الیکشن کمیشن کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی ،نگران حکومت کسی بھی بلیم گیم کا حصہ نہیں بنے گی اور نہ ہی کسی عدالتی یا تحقیقاتی ایجنسی کی کارروائی میں مداخلت کریگی ،چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے دوران فاٹا میں الیکشن ،غیر ملکی آبزور کی عام انتخابات کے لئے پاکستان آمد سمیت دیگر امور زیر غور آئے ،الیکشن کمیشن کو ہر قسم کی معلومات فراہم کی جائیں گی اور تمام ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا ۔وہ بدھ کو چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تمام سہولیات اور تعاون کرے تاکہ صاف ،شفاف ،غیر جانبدار اور بروقت الیکشن ہو سکیں اسی حوالے سے الیکشن کمیشن میں آیا ہوں اور یہاں پر اجلاس میں آنے والے الیکشن کے لئے تیاریوں اور اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کوصاف اورشفاف بنائے گی ،عام انتخابات کی شفافیت نظر بھی آئے گی ۔