اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی حمایت حاصل کی ہے، حزب اختلاف کو بے بنیاد پروپیگنڈا اور حکومتی خارجہ پالیسی پر بے جا تنقید ختم کرنی چاہیئے‘ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کی جانب سے بھارت اور پاکستان کے مابین کشمیر کے تنازعہ پر ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں‘مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کی روشنی میں اب بین الاقوامی برادری نے کشمیر پر پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا ہے‘ یہ موجودہ حکومتی خارجہ پالیسی کی تاریخی جیت ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کو اب بے جا تنقید اور لوگوں کو گمراہ کرنے سے پرہیز کرنا چاہئے۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان اور پیپلز پارٹی نے اپنی مہم کے تحت وزیراعظم نواز شریف کو زک پہنچانے کیلئے کشمیر کے مسئلہ کو سیاسی رنگ دیا ہے اور جموں و کشمیر کے عوام کے حوصلوں کو پست کیا ہے جو حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ اپوزیشن کو اب یہ بات تسلیم کر لینی چاہئے کہ مسلم لیگ (ن) حکومت کی خارجہ پالیسی کا محور مسئلہ کشمیر سمیت قومی مفادات کو تحفظ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی ایک حساس معاملہ ہے اور اپوزیشن کا غیر سنجیدہ رویہ اسے نقصان پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت کی بین الاقوامی معاملات سے متعلق پالیسیاں ہمیشہ قومی مفادات سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنے تمام اختلافات ختم کریں اور جموں و کشمیر کے منصفانہ اور شفاف حل کیلئے وزیراعظم نواز شریف کا ساتھ دیں۔