اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے انتخابات میں بلامقابلہ منتخب ہونے والےعہدیداران کو مبارکباد دی ہے۔ منگل کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے حسین احمد چوہدری کو صدر، بلال شیخ کو سینئر نائب صدر، روف بزمی کو نائب صدر، راجہ شہزاد علی کو جنرل سیکرٹری، فرح ماہ جبیں کو خزانچی، عون رضا کو سیکرٹری اطلاعات، طاہر نصیر کو جوائنٹ سیکرٹری، عنبرین علی کو جوائنٹ سیکرٹری فیمیل سمیت گورنر باڈی کے ارکان اویس یوسفزئی، ثاقب بشیر، حاشر وڑائچ، اسد ملک اور فرح اعجاز کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر کہا کہ آپ کی کامیابی ہم سب کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، عوام تک درست معلومات کی فراہمی میں صحافیوں کا کلیدی کردار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صحافت میں کورٹ رپورٹرز کا کردار بہت اہم ہے، وکلا کی طرح صحافیوں کو بھی قانون سے آگاہی رکھنا پڑتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں گے اور صحافت کا معیار بلند کریں گے۔