اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اے پی پی ایمپلائز یونین کے سالانہ انتخابات میں طارق چوہدری کو صدر، شمائلہ نورین اور سہیل اقبال چیمہ کو نائب صدور، محمد قاسم کو جنرل سیکریٹری منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ بدھ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے دیگر نومنتخب عہدیداران کو بھی مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب قیادت ادارے کی بہتری، کارکنان کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے موثر اقدامات کرے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات ادارے کی بہتری اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ اے پی پی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ضروری وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اے پی پی ایمپلائز یونین کے نومنتخب عہدیداران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576411