اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپورٹس جرنلزم معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوانوں کی رہنمائی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
جمعرات کو رسجا کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد کے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رسجا ایک فعال اور متحرک پلیٹ فارم ہے جو نہ صرف صحافتی اقدار کی پاسداری بلکہ کھیلوں کی دنیا کے مسائل کو اجاگر کرنے میں بھی موثر کردار ادا کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے تہنیتی پیغام میں فیصل ساہی کو صدر، عارف خان کو جنرل سیکرٹری، حسنین لیاقت کو فنانس سیکرٹری، شفیق راجہ کو سینئر نائب صدر، نوید کھوکھر کو نائب صدر اور امبرین علی کو نائب صدر برائے خواتین منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ نئی قیادت صحافتی میدان میں مزید بہتری اور ترقی کا باعث بنے گی۔