
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، فلمز، مشترکہ پروڈکشنز اور تربیتی پروگرامز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانا اور مشترکہ اہداف کی راہیں تلاش کرنا پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور عوام کے دل کی آواز ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہمارے باہمی تعلقات بدلتے تقاضوں کے مطابق تابناک مستقبل کی جانب بڑھتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ملاقات کے لئے آئے روس کے سفیر دانیلا گینیچ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں روسی وزیر اطلاعات کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ روسی وزیر اطلاعات کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دی جائے گی۔ ملاقات میں روسی وزیر اطلاعات کے دورہ کے موقع پر اے پی پی اور طاس نیوز ایجنسی، پی ٹی وی اور روسی ٹیلی ویژن اور روسی ریڈیو اور ریڈیو پاکستان کے درمیان ممکنہ معاہدوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے روابط، سلامتی، معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، فلمز، مشترکہ پروڈکشنز اور تربیتی پروگرامز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان روس کے ساتھ میڈیا، ڈرامہ، فلمز کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور روس کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں تقریب کے انعقاد پر بھی گفتگو ہوئی۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط کا سلسلہ طویل عرصے پر محیط ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانا اور مشترکہ اہداف کی راہیں تلاش کرنا پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور عوام کے دل کی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے باہمی تعلقات بدلتے تقاضوں کے مطابق تابناک مستقبل کی جانب بڑھتے رہیں گے۔
اس موقع پر روس کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور روس کے مابین ذرائع ابلاغ سمیت زندگی کے ہر شعبے میں تعاون موجود ہے۔ روس پاکستان کے ساتھ میڈیا سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی میں تعاون کا خواہاں ہے۔ روس میں پاکستانی ڈراموں کو خاصی مقبولیت حاصل ہے۔