استنبول۔20اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب او آئی سی وزرا اطلاعات کانفرنس میں شرکت کے لئے جمعرات کو ترکی پہنچ گئیں۔ او آئی سی کی وزرا اطلاعات کانفرنس کا 12 واں اجلاس 21 اور 22 اکتوبر کو ترکیہ کے شہر استنبول میں ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ دو روزہ کانفرنس کا موضوع ”سچ کے دور کے بعد غلط معلومات اور اسلاموفوبیا سے نمٹنا“ ہے۔
کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسن ابراہیم طحہ خطاب کریں گے جبکہ کانفرنس میں اطلاعات کے مختلف شعبوں میں او آئی سی کے کردار پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ او آئی سی کی وزرا اطلاعات کانفرنس میں خاص طور پر فلسطین اور القدس شریف کے مسائل کے حوالے سے میڈیا کو متحرک کرنے سمیت افریقی او آئی سی رکن ممالک کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔
کانفرنس میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے میں او آئی سی کے کردار، اسلام کی درست تصویر پیش کرنے اور میڈیا کے حلقوں میں انتہا پسندی و دہشت گردی سے بچنے کے حوالے سے امور پر غور کیا جائے گا۔ کانفرنس میں مسلم دنیا میں میڈیا کی مہارت اور تربیت کے فروغ کے حوالے سے امور پر بھی بات چیت ہوگی۔