اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے منگل کو یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ برطانیہ کے ہائی کشنر نے مریم اورنگزیب کو وزارت اطلاعات کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے اور ان میں وسعت کے لئے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔
ملاقات میں میڈیا کے مختلف شعبوں، ڈیجیٹل میڈیا، میڈیا ٹریننگ اور فلم سازی میں تعاون سمیت دوطرفہ سفارتی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ فیک نیوز پاکستان سمیت پوری دنیا کے لئے بڑا چیلنج ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر اطلاعات کو پاکستان کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کی مبارک دی۔
ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منانے پر بھی اتفاق کیاگیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ یوم آزادی پر 14 اگست کو پاکستان اور برطانیہ کے سفارت خانوں اور لندن میں خصوصی تقریبات ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات نے 75 برس میں مسلسل فروغ پایا، مستقبل میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات باہمی احترام، وسیع علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر یکساں تصورات پر مبنی ہیں، ہم ان تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔